راولپنڈی ڈویژن میں پولیس سرچ آپریشن، 76 غیر قانونی افغان زیر حراست، 21 مقدمات درج
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ڈویژن کی پولیس نے کلر سیداں، روات، گوجر خان، چونترہ، دھمیال اور کہوٹہ میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشنز کیے۔ پولیس کے مطابق اس دوران 1375 گھروں، 412 دکانوں، 28 ہوٹلز اور 1709 افراد کے کوائف چیک کیے گئے۔
سرچ آپریشن کے دوران 76 غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو حراست میں لیا گیا۔ ساتھ ہی متعدد کباڑ خانے، بس اور ٹرک اسٹینڈز اور کرایہ داروں کے کوائف بھی چیک کیے گئے۔ پولیس کے مطابق، کرایہ داری کے اندراج نہ کروانے والے افراد کے خلاف 21 مقدمات درج کیے گئے۔
راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ ان سرچ آپریشنز کا مقصد علاقے میں امن و امان قائم رکھنا اور جرائم کی بیخ کنی کرنا ہے۔ پولیس کی طرف سے کہا گیا ہے کہ یہ کارروائیاں باقاعدگی سے جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کی حفاظت اور سیکیورٹی یقینی بنائی جا سکے۔





