وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی حفاظتی ضمانت میں 27 نومبر تک توسیع

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی حفاظتی ضمانت میں 27 نومبر تک توسیع

پشاور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ، مختلف مقدمات کی بنیاد پر وزیراعلیٰ کی گرفتاری روک دی گئی، پولیس کو اقدام سے باز رہنے کا حکم۔

تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی حفاظتی ضمانت میں 27 نومبر تک توسیع کرتے ہوئے پولیس کو انہیں درج مقدمات میں گرفتار کرنے سے فی الحال روک دیا ہے۔ فیصلے کا اعلان جسٹس اعجاز انور اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیا۔

عدالتی حکم کے مطابق، عدالت نے وزیراعلیٰ کے خلاف درج مختلف مقدمات کی تفصیلات دوبارہ طلب کر لی ہیں۔ سماعت کے دوران وکلاء کی ہڑتال کے باعث کوئی وکیل عدالت میں پیش نہ ہو سکا، تاہم عدالت نے کیس کو آگے بڑھاتے ہوئے حفاظتی ضمانت میں توسیع کر دی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اسی مقدمے کی سماعت کے دوران پشاور ہائیکورٹ نے سہیل آفریدی کی 18 نومبر تک حفاظتی ضمانت منظور کی تھی اور پولیس کو اس عرصے میں وزیراعلیٰ کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

سہیل آفریدی کے خلاف مختلف نوعیت کے کیسز درج ہیں، جن کی تفصیلات عدالت نے متعلقہ حکام سے دوبارہ طلب کر لی ہیں تاکہ اگلی سماعت میں مکمل ریکارڈ کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جا سکے۔

عدالت نے واضح کیا کہ آئندہ سماعت میں مقدمات کی تفصیلات پیش نہ کیے جانے کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف مناسب کارروائی پر غور کیا جائے گا۔

Scroll to Top