قبائلی عمائدین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان قلعہ بالاحصار میں مشاورت، خیبر میں دیرپا امن، شدت پسندی کی روک تھام اور علاقائی استحکام کیلئے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق
تفصیلات کے مطابق پشاور کے تاریخی قلعہ بالاحصار میں فرنٹیئر کور (ایف سی) خیبر پختونخوا نارتھ کے زیر اہتمام قبائلی عمائدین کا اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں ضلع خیبر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس جرگے کا بنیادی مقصد خطے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینا اور مستقبل میں امن کو مزید مستحکم بنانے کیلئے مشترکہ حکمت عملی تشکیل دینا تھا۔
جرگے کے دوران سکیورٹی فورسز اور قبائلی عمائدین کے درمیان کھلے ماحول میں تفصیلی مشاورت ہوئی، جس میں علاقے کو درپیش موجودہ سکیورٹی چیلنجز، شدت پسندی کی روک تھام، اور امن برقرار رکھنے کے لیے درکار اقدامات پر غور کیا گیا۔ شرکاء نے اتفاق کیا کہ دیرپا امن کے لیے مقامی کمیونٹی اور سکیورٹی فورسز کا مضبوط تعلق اور باہمی اعتماد ناگزیر ہے۔
قبائلی عمائدین نے ایف سی اور دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ ہر سطح پر بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی سرزمین کو دوبارہ بدامنی کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ جرائم اور شرپسندی کی روک تھام کے لیے مقامی سطح پر بھی موثر کردار ادا کیا جائے گا۔
جرگے کے اختتام پر شرکاء نے قومی یکجہتی، علاقائی استحکام اور مشترکہ کوششوں کے تسلسل کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایف سی حکام نے عمائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امن کی بحالی اور اسے برقرار رکھنے میں قبائلی عوام کا کردار ہمیشہ مرکزی رہا ہے، اور آئندہ بھی ان کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔





