سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے بعد دل کے عارضے میں مبتلا معصوم زینب کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کا فوری ایکشن، خود ذمہ داری لیتے ہوئے فوجی فاؤنڈیشن ہسپتال میں آپریشن کی تیاری، آج متوقع شفا کی امید
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا فوری نوٹس لیتے ہوئے دل کے عارضے میں مبتلا معصوم زینب سے فون پر رابطہ کیا اور انہیں فوری طور پر اپنے دفتر مدعو کرنے کے لیے گاڑی بھیج دی۔ذرائع کے مطابق چھوٹی زینب نے وزیراعلیٰ سے بے جھجک اور معصومانہ انداز میں شکوہ کیا’’میں بیمار ہوں، لیکن آپ نے میرا نہیں پوچھا!‘‘ یہ سن کر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے نہایت شفقت اور پیار سے معذرت کی اور زینب کو یقین دلایا کہ ہر قدم پر حکومت اس کے ساتھ ہے۔
وزیراعلیٰ نے فوری اقدامات کرتے ہوئے فوجی فاؤنڈیشن ہسپتال میں زینب کے علاج کے احکامات جاری کیے اور اس کی مکمل دیکھ بھال کی ذمّہ داری خود لے لی۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق، انشاء اللہ آج زینب کا آپریشن کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ زینب کے لیے دعائیں کریں تاکہ اللہ تعالیٰ اسے مکمل شفا عطا فرمائے اور وہ صحت مند زندگی کی جانب لوٹ آئے۔
یہ اقدام نہ صرف زینب کے لیے امید کی کرن ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ حکومت خیبرپختونخوا عوام، خصوصاً بچوں کی صحت و بہبود کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔





