آج سے راولپنڈی میں پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز کا آغاز ہو رہا ہے۔ افتتاحی میچ شام کو پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ٹیم کا کمبی نیشن اس وقت مضبوط ہے اور بہترین آل راؤنڈرز شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی، تاہم سیریز میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کی کوشش کی جائے گی۔
سلمان علی آغا نے مڈل آرڈر کی کارکردگی بہتر کرنے پر زور دیا اور کہا کہ عبدالصمد کو فِنشر کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایشیا کپ میں ٹیم ٹھیک فریم آف مائنڈ میں نہیں تھی، تاہم اب حکمت عملی کے تحت جیت کا مومینٹم برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
قومی کپتان نے بتایا کہ ٹیم میں اچھے آل راؤنڈرز موجود ہیں اور انہیں مناسب مواقع دیے جائیں گے۔ وہ خود بھی بائیں ہاتھ کے بیٹرز کے خلاف بولنگ کریں گے اور بطور کپتان بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
سلمان علی آغا نے پاکستانی شائقین سے اپیل کی کہ وہ ہمیشہ کی طرح ٹیم کی بھرپور حمایت کریں، کیونکہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم ہمیشہ بھرپور ماحول فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی 20 کرکٹ کا فارمیٹ ایسا ہے کہ کسی بھی ٹیم کو کم نہیں سمجھا جا سکتا، اور ہر میچ میں بھرپور محنت اور حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
یہ سیریز پاکستانی شائقین کے لیے ٹی 20 کرکٹ کا سنسنی خیز آغاز ثابت ہو گی، اور ٹیم کی فارم اور حکمت عملی پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔




