سکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا میں دو کارروائیاں، 23 دہشت گردہلاک

سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران 23 خوارج جہنم واصل کر دیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 16-17 نومبر 2025 کو خوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پرضلع باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز نے ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔

فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایاجس کے نتیجے میں 11 خارجی دہشتگرد بشمول سرغنہ سجاد عرف ابوذر ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن بنوں ضلع میں کیا گیا جہاں سیکیورٹی فورسز نے مزید 12 خوارج کو کامیابی سے ٹھکانے لگا دیا۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ خارجی کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔

دریں اثنا، خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والا ایک دہشتگرد بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کیلئے بارودی مواد نصب کرتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ واقعہ خوارج کی بڑھتی ہوئی مایوسی کی عکاسی کرتا ہے، جو سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مسلسل اور مؤثر دباؤ کے باعث اب آسان اہداف کے خلاف بزدلانہ کارروائیوں کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔

ان کی ناکام کوششیں جاری انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں کے مقابلے میں اُن کی کم ہوتی صلاحیت اور بڑھتی ہوئی جھنجھلاہٹ کی نشاندہی کرتی ہیں۔

Scroll to Top