پشاور:محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی باجوڑ کی ایلیٹ فورس اور مقامی پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں ایک افغان خودکش بمبار اور اس کے سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس کے تحت سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران دشوار گزار پہاڑی علاقے میں چھاپہ مارا گیا، جہاں سے دونوں دہشت گرد گرفتار ہوئے۔
گرفتار ہونے والوں میں ایک خودکش بمبار تھا، جس کا تعلق افغانستان کے صوبہ بلخ کے علاقے چاربولک سے تھا، جبکہ اس کا سہولت کار اور ہینڈلر رفیع اللہ باجوڑ کا رہائشی ہے۔
انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گرد خودکش دھماکے کی غرض سے پاکستان آئے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے تین دستی بم، دیسی ساختہ آئی ای ڈی اور دیگر دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار افغان دہشت گرد کا نام قیس ہے، جو خودکش حملہ کرنے کی نیت سے پاکستان میں داخل ہوا تھا۔
اس کا ہینڈلر رفیع اللہ، جو کہ باجوڑ کے علاقے کھوڑو چنگی کا رہائشی ہے، نے اس دہشت گرد کی مدد کی تھی۔
گرفتار ملزمان برساتی نالے میں چھپے ہوئے تھے، اور پولیس پارٹی کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم فوری کارروائی اور تعاقب کے نتیجے میں دونوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : دبئی ایئر شو 2025: پاکستان کے تھنڈر JF-17 کے کرتب نے ہر آنکھ اپنی طرف موڑ لی
سی ٹی ڈی نے اس کارروائی کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ایک بڑے دہشت گرد حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔
مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس دہشت گرد نیٹ ورک کی مکمل تفصیلات سامنے لائی جا سکیں اور اس کے دیگر رابطوں کا پتا چلایا جا سکے۔
یہ کامیاب کارروائی سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس اور مقامی پولیس کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے، جس سے ایک بڑا دہشت گرد حملہ ٹال دیا گیا ہے اور علاقے کی سیکیورٹی میں مزید بہتری کی توقع ہے۔





