باجوڑ و بنوں میں کامیاب کارروائیوں پر صدر و وزیراعظم کی سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے باجوڑ اور بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے۔

صدر زرداری نے فتنہ الخوارج کے 23 دہشت گردوں کے خاتمے کو سکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی قرار دیا۔

صدر زرداری نے کہا کہ باجوڑ میں خوارج کے سرغنہ سمیت متعدد دہشت گردوں کا خاتمہ امن دشمن عناصر کے لیے واضح پیغام ہے، اور پاکستان میں کسی بھی غیر ملکی پشت پناہی والے دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، اور پوری قوم اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے عزم کا اعادہ کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو سراہا، جبکہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ باجوڑ میں سرغنہ سمیت متعدد دہشت گردوں کے خاتمے سے ملک میں دیرپا امن کے قیام کے لیے ریاستی عزم نمایاں ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا میں دو کارروائیاں، 23 دہشت گردہلاک

یاد رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران 23 خوارج جہنم واصل کر دیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 16-17 نومبر 2025 کو خوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پرضلع باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز نے ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔

فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایاجس کے نتیجے میں 11 خارجی دہشتگرد بشمول سرغنہ سجاد عرف ابوذر ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن بنوں ضلع میں کیا گیا جہاں سیکیورٹی فورسز نے مزید 12 خوارج کو کامیابی سے ٹھکانے لگا دیا۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ خارجی کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔

دریں اثنا، خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والا ایک دہشتگرد بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کیلئے بارودی مواد نصب کرتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

Scroll to Top