اوگرا کا نومبر 2025ء کیلئے آر ایل این جی قیمتوں میں معمولی ردوبدل کا اعلان، SNGPL میں کمی، SSGCL میں اضافہ، بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں کے اثرات کی وجہ سے تبدیلی۔
تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق سوئی کمپنیوں کی نومبر 2025ء کے لیے ری گیسیفائیڈ لیکوئیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی قیمتوں کا تعین کرتے ہوئے معمولی ردوبدل کا اعلان کیا ہے۔ یہ نئی قیمتیں یکم نومبر 2025ء سے لاگو ہوں گی
اوگرا کی جانب سے منگل کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق
سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (SNGPL) کے صارفین کے لیے آر ایل این جی کی قیمت میں گزشتہ ماہ اکتوبر 2025ء کے مقابلے میں 1.39 فیصد کمی ہوئی ہے، جو فی ایم ایم بی ٹی یو 0.1696 ڈالر کے برابر ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (SSGCL) کے صارفین کے لیے قیمت میں اکتوبر 2025ء کے مقابلے میں 1.97 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو فی ایم ایم بی ٹی یو 0.2216 ڈالر بنتا ہے۔
اوگرا کے ترجمان عمران غزنوی کے مطابق، آر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ بین الاقوامی مارکیٹ میں درآمدی قیمتوں (Delivery Ex-Ship) میں اضافے کی وجہ سے ہوا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتیں درج ذیل ہیں:
ایس این جی پی ایل صارفین کے لیے آر ایل این جی کی اوسط فروخت کی قیمت: 12.3996 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو
ایس ایس جی سی ایل صارفین کے لیے اوسط فروخت کی قیمت: 11.4520 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو
ماہرین کے مطابق، آر ایل این جی کی قیمتوں میں یہ معمولی ردوبدل صارفین کے ماہانہ بلوں پر محدود اثر ڈالے گا، جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ آنے کی صورت میں مستقبل میں دوبارہ قیمتوں میں تبدیلی متوقع ہے۔
یہ اقدام صارفین کو شفاف اور مارکیٹ کے مطابق قیمتیں فراہم کرنے کی کوشش کے طور پر لیا گیا ہے تاکہ ملک میں توانائی کے شعبے میں استحکام برقرار رہے۔





