خیبر، باڑہ بازار ڈکیتی کیس میں اہم پیشرفت

خیبر(جہانزیب خان آفریدی) باڑہ بازار میں ہونے والی ڈکیتی کے واقعے میں پولیس نے اہم پیشرفت کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

اس کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 17 لاکھ 30 ہزار روپے نقدی، ایک ویلڈنگ مشین، دو چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور ایک عدد پستول برآمد کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر رائے مظہر اقبال نے اس واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سرکل افسر باڑہ ڈی ایس پی عابد آفریدی کی نگرانی میں اور ایس ایچ او تھانہ باڑہ ہردم گل آفریدی کی سربراہی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی۔

ٹیم نے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا تفصیلی تجزیہ کیا اور مشتبہ افراد سے انٹروگیشن کے بعد کامیابی کے ساتھ ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان میں محبوب ولد ملک، ظفر ولد موویز گل اور فضل خان ولد مقبول شامل ہیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں حوالات منتقل کر دیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

ایس ایچ او باڑہ ہردم گل نے کہا کہ گروہ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور جلد مزید گرفتاریوں کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر: قیدی کے فرار ہونے پر 9 پولیس اہلکار معطل

ضلع خیبر میں قیدی کے فرار کے واقعے پر سید کریم چیک پوسٹ کے انچارج سمیت 9 پولیس اہلکار معطل کر دیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق باڑہ پولیس کی تحویل میں موجود قیدی کے فرار کے سنگین واقعے پر خیبر پولیس نے سخت نوٹس لیتے ہوئے معطل اہلکاروں کو فوری طور پر پولیس لائنز میں حاضر ہونے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

فرار ہونے والے قیدی کا نام حوالدار داؤد ہے جو قبیلہ ستوری خیل سے تعلق رکھتا ہے۔ ذرائع کے مطابق داؤد اس سے قبل کوٹے زیارت چیک پوسٹ کا انچارج بھی رہ چکا ہے۔ تاہم گزشتہ روز وہ مبینہ طور پر سید کریم چیک پوسٹ سے فرار ہو گیا یا فرار کروایا گیا۔

خیبر پولیس کے زرائع کے مطابق معطل اہلکاروں میں سید کریم (چیک پوسٹ انچارج)، امجد افریدی، عبدالقادر، محمدعارف، شکیل، شال اکبر، محمد، محمد اصف، شہزاد اور عارف شامل ہیں۔ معطل اہلکاروں کو سختی سے پولیس لائنز میں حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔

Scroll to Top