وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو بانی سے ملاقات کی اجازت ملنی چاہیے، مصدق ملک

اسلام آباد: وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو بانی سے ملاقات کی اجازت ضرور ملنی چاہیے۔

تاہم اس کے بعد ملک میں کسی قسم کی اشتعال انگیزی دیکھنے میں نہیں آنی چاہیے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ حکومت کو خواتین کے تحفظ اور ان کے احساسات کا مکمل ادراک ہے، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایسے حالات میں ہجوم کو سنبھالنے کی مناسب تربیت ہونی چاہیے تاکہ طاقت کا غیر ضروری استعمال نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ میں کرپشن، پی ٹی آئی ممبران اسمبلی کے ملوث ہونے کا انکشاف

وفاقی وزیر نے اس موقع پر ماضی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کو گھسیٹا بھی گیا اور والد کے سامنے اسپتال سے گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی قانون سے تجاوز کرے، چاہے وہ کوئی بھی ہو، اس کا محاسبہ ضروری ہے۔

مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کئی مسائل تربیت کی کمی کے باعث پیدا ہوتے ہیں۔

پی ٹی آئی کو پرامن احتجاج کا حق ہے، لیکن اشتعال انگیزی اور سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی۔ ان کے مطابق پولیس کو بھی زیادتی سے باز رہنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : ملک میں بہت جلد کچھ بڑا ہونے والا ہے: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اکثر اوقات اسلام آباد پر چڑھائی یا حملے کی باتیں کی جاتی ہیں، حتیٰ کہ پارٹی میں بعض لوگ جیل توڑ کر بانی کو نکالنے تک کی بات کر چکے ہیں۔

مصدق ملک کے مطابق ملاقات نہ ہونے کی اصل وجہ پی ٹی آئی کی اندرونی سیاست ہے، جسے وہ اپنے مفاد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

Scroll to Top