سی ٹی ڈی کی بنوں و لکی مروت میں کامیاب کارروائی، دو انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

پشاور: خفیہ اطلاع پر انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) بنوں اور لکی مروت پولیس نے سرائے نورنگ میں کارروائی کرتے ہوئے دو انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

حکام کے مطابق محمد سہیل عرف احمد اور عظمت اللہ عرف حافظ نالی چک روڈ پر واردات کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ہلاک دہشتگرد پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر سنگین مقدمات میں نامزد تھے۔

عظمت اللہ  ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) گل محمد، کانسٹیبل نسیم گل اور لیفٹیننٹ عارف اللہ کی شہادتوں میں ملوث تھا جبکہ محمد سہیل کانسٹیبل منصور خان اور لیفٹیننٹ ہاشم خان کے قتل میں ملوث پایا گیا۔

کارروائی کے بعد دہشتگردوں کے قبضے سے کلاشنکوف رائفل، نائن ایم ایم پستول، موبائل فون اور کالعدم تنظیم کے دو کارڈز برآمد ہوئے۔

عظمت اللہ پولیس چوکی عباسہ خٹک پر حملے اور نجی بینک وین پر بھی حملے میں ملوث تھا۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو بانی سے ملاقات کی اجازت ملنی چاہیے، مصدق ملک

انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ اور پولیس کے اہلکاروں کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف یہ کارروائی انتہائی مہارت اور منصوبہ بندی کے ساتھ انجام دی گئی۔

آئی جی خیبرپختونخوا انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا نے انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ بنوں اور لکی مروت پولیس کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کی ہلاکت صوبے میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے اور اس سے عوام میں تحفظ اور سیکورٹی کے اقدامات میں اعتماد بڑھے گا۔

Scroll to Top