پاک و انڈونیشیا کی مشترکہ فوجی مشق ’’شاہین اسٹرائیک ٹو’’اختتام پذیر، آئی ایس پی آر

اسلام آباد: پاکستان اور انڈونیشیا کی مشترکہ فوجی مشق ’’شاہین اسٹرائیک ٹو‘‘ باقاعدہ اختتام پذیر ہو گئی، جس میں دونوں ممالک کی کامبیٹ ٹیموں نے انسدادِ دہشت گردی آپریشنز کے شعبے میں بھرپور تربیت حاصل کی اور تمام اہداف کامیابی کے ساتھ حاصل کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشق آٹھ نومبر سے انیس نومبر تک جاری رہی، جس کا مرکزی مقصد انسدادِ دہشت گردی آپریشنز کی تکنیکوں اور جدید حربوں کی مشق کرنا تھا۔

مشق میں پاک فوج اور انڈونیشین فوج کی پیشہ ورانہ ٹیموں نے حصہ لیا اور مختلف عملی منظرناموں میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔

مشق کے دوران خاص طور پر شہری علاقوں میں انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، آئی ای ڈی (IED) سے نمٹنے کے اقدامات اور مشترکہ ڈرلز پر توجہ دی گئی، تاکہ فوجی اہلکار ہنگامی حالات میں مؤثر کارروائی کرنے کی تربیت حاصل کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : وفاقی آئینی عدالت نے خیبرپختونخوا میں سٹون کرشنگ یونٹس کیس نمٹا دیا

اختتامی تقریب میں پاکستانی جنرل رینک کے افسران اور انڈونیشیا کے سینئر عسکری حکام نے شرکت کی، جہاں دونوں ممالک کے فوجیوں کی آپریشنل صلاحیتوں اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا گیا۔

ترجمان آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’’شاہین اسٹرائیک ٹو‘‘ مشق نے دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون کو مزید مضبوط کیا اور انسدادِ دہشت گردی کے میدان میں مشترکہ حکمت عملی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

Scroll to Top