اسلام آباد: روس نے پاکستان، بھارت اور افغانستان کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کر دی ہے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔
یہ اعلان روسی سفیر البرٹ خوریف نے اسلام آباد انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز میں ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
البرٹ خوریف نے کہا کہ خطے کی سلامتی کے حوالے سے خاص تشویش ہے، خصوصاً افغانستان کی صورتحال روس کے لیے حساس مسئلہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک بھارت اور افغانستان کے ساتھ جاری کشیدگی کم کرنے میں روس اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
روسی سفیر نے بیرونی طاقتوں کے خطے میں تناؤ میں اضافے میں کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ روس ہمیشہ علاقائی امن، استحکام اور دہشت گردی کے خلاف کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ہمسایہ ممالک کے تنازعات کو علاقائی فریقین ہی بہتر طور پر حل کر سکتے ہیں اور پاکستان اس سلسلے میں ایک اہم شراکت دار ہے۔
یہ بھی پڑھیں : 9 مہینوں میں لاکھوں پاکستانیوں کی دبئی آمد، ائیرپورٹ حکام نے اعداد و شمار جاری کر دیے
البرٹ خوریف نے پاکستان کے ساتھ معاشی اور سماجی ترقی کے لیے تعاون جاری رکھنے کا بھی عزم ظاہر کیا۔
یاد رہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ماسکو میں صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کی، جس کے بعد پاکستان اور روس کے تعلقات میں مزید گرمجوشی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔





