حویلیاں جلسے میں مبینہ دھمکی آمیز الفاظ، الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے بیان کا نوٹس لے لیا
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، سہیل آفریدی کے حالیہ بیان پر نوٹس لے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، یہ نوٹس وزیراعلیٰ کے حویلیاں میں جلسے کے دوران سرکاری ملازمین کے حوالے سے مبینہ دھمکی آمیز الفاظ استعمال کرنے پر جاری کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے معاملے کی مانیٹرنگ رپورٹ کی روشنی میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف قانونی کارروائی کے امکان پر غور شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں، الیکشن کمیشن نے آج صبح ساڑھے 11 بجے ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے جس میں اس معاملے پر آئینی اور قانونی پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ قدم اس بنیاد پر اٹھایا گیا کہ سرکاری ملازمین کے حوالے سے کسی بھی دھمکی آمیز بیان سے انتخابی عمل کی شفافیت اور سرکاری اداروں کی غیر جانبداری متاثر ہو سکتی ہے۔ اجلاس میں ممکنہ کارروائی کی نوعیت اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں الیکشن کمیشن کو انتخابات کی شفافیت یقینی بنانے اور عوامی نمائندوں کے بیانات پر نظر رکھنے کا اختیار حاصل ہے، اور ایسے معاملات میں یہ نوٹس قانونی اور آئینی دائرے میں دیے جاتے ہیں۔





