وزیراعلیٰ کے بیان کو مسخ کر کے سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے، سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنا غلط فہمی پھیلانے کی کوشش ہے، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے ترجمان کا دوٹوک ردعمل
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے حالیہ بیان کے حوالے سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے ترجمان نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے ریمارکس کو سیاق و سباق سے الگ کر کے پیش کیا جا رہا ہے، جو غلط فہمی پھیلانے اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے مترادف ہے۔
ترجمان کے مطابق، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کسی شخص یا سرکاری ملازم کو دھمکی نہیں دی۔ ان کا پیغام واضح اور قانونی تناظر میں تھا کہ الیکشن میں کسی بھی قسم کی مداخلت جرم ہے اور ایسی غیر قانونی کارروائی کی صورت میں سخت قانونی ایکشن لیا جائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ نے صرف اس قانونی حقیقت کی نشاندہی کی تھی کہ انتخابات کے دوران انتظامی یا سرکاری سطح پر مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی، اور شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا مقصد کسی فرد یا ادارے کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ قانون کے تقاضوں کو واضح کرنا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ کے الفاظ کو دانستہ طور پر سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنا نہ صرف گمراہ کن ہے بلکہ حقائق کو مسخ کرنے کے مترادف ہے۔ ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ وزیراعلیٰ کے بیان کو غلط رنگ دینا محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی کوشش ہے، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔





