ٹرائی نیشن سیریز: زمبابوے نے سری لنکا کو شکست دے دی

ٹرائی نیشن سریزکےدوسرے ٹی ٹوئنٹی  میچ میں زمبابوے نے سری لنکا کو 67 رنز سے ہرا کر سیریز میں اپنی پہلی فتح اپنے نام کرلی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کے لیے 163 رنز کا ہدف مقرر کیا۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم صرف 95 رنز پر آوٹ ہو گئی۔

لنکن ٹیم کی جانب سے کپتان ڈاسن شاناکا نے 34 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں کی کارکردگی محدود رہی اور نو بیٹرز ڈبل فگر میں داخل نہیں ہو سکے۔

زمبابوے کی طرف سے بریڈ ایونز نے صرف 9 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، رچرڈ ناگراو نے 2 وکٹیں حاصل کیں اور چار دیگر باولرز نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

قبل ازیں زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔ برائن بیننٹ نے 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 49 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کپتان سکندر رضا نے 3 چوکے اور 2 چھکے کی مدد سے 47 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے کو آگے بڑھایا۔

سری لنکن اسپنر وانندو ہاسارنگا نے 32 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، ایشان مالنگا نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دشمانتھا چمیرا اور ماہیش ٹھیکشانہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

واضح رہے کہ ٹرائی نیشن سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : کرکٹ کی دنیا میں ’’ٹیسٹ 20‘‘ نیا فارمیٹ متعارف

کرکٹ کی دنیا میں ایک نیا اور منفرد فارمیٹ متعارف کروا دیا گیا ہے جس کا نام ’’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘‘ ہے۔

یہ فارمیٹ 16 اکتوبر کو ورچوئل تقریب کے ذریعے پیش کیا گیا جو ٹیسٹ کرکٹ اور ٹی20 کے امتزاج پر مبنی ہے۔

اس میں ایک دن میں 80 اوورز کھیلے جائیں گے جو چار اننگز میں تقسیم ہوں گے اور ہر ٹیم دو بار بیٹنگ کرے گی۔

ٹیسٹ ٹوئنٹی کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانا ہے خاص طور پر 13 سے 19 سال کی عمر کے کھلاڑیوں کو ہدف بنایا گیا ہے۔

اس نئے فارمیٹ میں دونوں کرکٹ کی اقسام کے قوانین کو اپنایا گیا ہے مگر اس میں چند ترامیم کی گئی ہیں، میچ جیت، ہار، ٹائی یا ڈرا میں ختم ہو سکتا ہے۔

اس منصوبے کے پیچھے کام کرنے والی تنظیم دی فرنٹ فارمیٹ جدید ٹیکنالوجی کو بھی کرکٹ میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جیسے اے آئی کی مدد سے سکاؤٹنگ سسٹم اور بیٹ و بال میں موشن سینسرز، تاکہ نوجوان کھلاڑی کھیل کو بہتر سمجھ سکیں۔

Scroll to Top