زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے کہا ہے کہ قومی شرٹ پہن کر ٹیم کا واحد مقصد جیت حاصل کرنا ہوتا ہے۔
اگرچہ زمبابوے نے رواں سال زیادہ میچز ہارے ہیں، تاہم ٹیم نے دیگر ٹیموں کو بھرپور چیلنج کیا ہے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں سکندر رضا نے بتایا کہ حالیہ محنت کی بدولت زمبابوے نے سری لنکا کو ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز کے میچ میں شکست دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیشلسٹ کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی میں انتہائی اہمیت رکھتے ہیں اور بیٹنگ میں اوسط سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ اہمیت رکھتا ہے۔
کپتان نے وضاحت کی کہ ہر بیٹنگ پوزیشن کا اپنا مخصوص کردار ہوتا ہے اور جیسے اوپنر تیز کھیلتے ہیں، اسی طرح دیگر پوزیشنز کے کھلاڑیوں کے لیے بھی مخصوص حکمت عملی ہوتی ہے۔
سکندر رضا نے مزید کہا کہ پاکستان میں موسم کرکٹ پر گہرا اثر ڈالتا ہے اور سردیوں میں مختلف شہروں میں کھیلنا اکثر مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے ذکر کیا کہ پی ایس ایل پہلے فروری اور پھر مئی میں کھیلا گیا تھا۔
زمبابوے کے کپتان نے کہا کہ اپنے تین سویں انٹرنیشنل میچ میں ٹیم کے لیے جیت دلانا میرے لیے خاص لمحہ ہے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ٹرائی نیشن سیریز کے دوسرے میچ میں زمبابوے نے سری لنکا کو 67 رنز سے شکست دی۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرائی نیشن سیریز: زمبابوے نے سری لنکا کو شکست دے دی
ٹرائی نیشن سریزکےدوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے نے سری لنکا کو 67 رنز سے ہرا کر سیریز میں اپنی پہلی فتح اپنے نام کرلی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کے لیے 163 رنز کا ہدف مقرر کیا۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم صرف 95 رنز پر آوٹ ہو گئی۔
لنکن ٹیم کی جانب سے کپتان ڈاسن شاناکا نے 34 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں کی کارکردگی محدود رہی اور نو بیٹرز ڈبل فگر میں داخل نہیں ہو سکے۔
زمبابوے کی طرف سے بریڈ ایونز نے صرف 9 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، رچرڈ ناگراو نے 2 وکٹیں حاصل کیں اور چار دیگر باولرز نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
قبل ازیں زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔ برائن بیننٹ نے 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 49 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کپتان سکندر رضا نے 3 چوکے اور 2 چھکے کی مدد سے 47 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے کو آگے بڑھایا۔





