محکمہ موسمیات نے آج خیبرپختونخوا میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ کے مطابق صوبے کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
پشاور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ دن کے دوران درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نوشہرہ، مردان، ڈی آئی خان، چارسدہ اور پشاور میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھائی رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جو سردی کی شدت کو مزید بڑھا سکتا ہے۔
صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی سرد موسم برقرار رہے گا، چترال اور دیر میں کم سے کم درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاراچنار میں 3 ڈگری، کالام میں 1 ڈگری، دورش میں 3 ڈگری جبکہ تخت بائی اور کاکول میں پانچ پانچ ڈگری سینٹی گریڈ کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ سرد موسم اور دھند کے باعث صبح اور رات کے اوقات میں احتیاط برتی جائے اور خصوصاً ڈرائیونگ کے دوران رفتار معتدل رکھی جائے۔
گزشتہ روز بھی خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں سموگ کے ساتھ ساتھ چند مقامات پر ہلکی دھند پڑی، اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہا۔
یہ بھی پڑھیں: مختلف علاقوں میں آج موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی جاری کر دی
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک گزرا جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی تھی، پشاور، صوابی، مردان، ڈیرہ اسماعیل خان اور گردونواح میں رات اور صبح کے اوقات میں چند مقامات پر ہلکی دھند چھائی رہی۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک تھا، مری، گلیات اور گردونواح میں موسم سرد رہنے کی پیشگوئی کی تھی جبکہ لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، جہلم، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور گردونواح میں سموگ کے ساتھ صبح اور رات کے اوقات میں چند مقامات پر ہلکی دھند تھی۔
سندھ کے زیادہ تر اضلاع میں موسم خشک رہا جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں خشک سردی کی لہر برقرار ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم خشک اور سرد رہا ۔
گزشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت سکردو منفی 06، لہہ اور گلگت منفی 03، بابوسر منفی 02 اور گوپس منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرد موسم کے دوران مناسب لباس پہنیں اور سموگ یا دھند والے علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں





