فیصل آباد میں کیمیکل فیکٹری کے بوائلر پھٹنے سے کئی خاندان اجڑ گئے اور درجنوں افراد جان کی بازی ہار گئے۔
فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں قائم کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے خوفناک دھماکہ ہوا، جس میں 19 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں جبکہ اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دھماکے کے بعد فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی اور عمارت کے ساتھ ساتھ قریبی گھروں کی چھتیں بھی گر گئیں جس سے کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو اور مقامی انتظامیہ فوری طور پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ گیس لیکج کے باعث سٹیمر بلاسٹ سے ہوا۔
حادثہ کیمیکل فیکٹری صمد بونڈ میں پیش آیا جبکہ فیکٹری کے اردگرد مزید تین فیکٹریاں بھی تھیں جن میں گلو، سیلیکون اور ایمبرائیڈری کا کام ہوتا ہے لیکن وہ اس وقت بند تھیں۔
دھماکے سے قریبی متعدد گھر بھی متاثر ہوئے، متاثرین میں تین مزدور شامل ہیں جبکہ باقی متاثرہ افراد رہائشی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دھماکے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کمشنر فیصل آباد سے سانحہ کی رپورٹ طلب کر لی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کی تلاش اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ہنگامی ٹیمیں جائے حادثہ پر موجود ہیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور دیگر وفاقی وزرا نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر شدید افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کے بہترین علاج معالجے کی ہدایات جاری کیں۔
یہ بھی پڑھیں: باجوڑ میں گاڑی کے قریب بارودی مواد کا دھماکا، 4 افراد شہید
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے روز حیدرآباد میں آتش بازی کی فیکٹری میں ہونے والے شدید دھماکے میں 10 افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوئے تھے۔
پولیس نے متعدد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جن میں ایک مبینہ غیرقانونی آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری کے مالک بھی شامل ہیں۔





