وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو خط لکھ دیا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو خط لکھ کر عمران خان سے ملاقاتوں میں رکاوٹ پر احتجاج کیا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو باضابطہ خط لکھ کر اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی قائد عمران خان کے ساتھ ملاقاتوں میں رکاوٹ ڈالے جانے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی قابلِ قبول نہیں اور اس معاملے کو فوری طور پر حل کیا جانا چاہیے۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے خط میں کہا کہ عمران خان کی بہنوں سمیت اہلِ خانہ کے ساتھ بدسلوکی کی گئی اور بزرگ خواتین کو سڑک پر بٹھایا گیا جو ناقابلِ قبول ہے۔

خط میں انہوں نے عدالتی احکامات پر فوری عمل درآمد، بدسلوکی کرنے والوں کے خلاف کارروائی، جیل انتظامیہ اور پولیس کو واضح ہدایات دینے اور ملاقاتوں کے لیے باوقار اور قانونی نظام قائم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی قائد ہیں، جن کے مینڈیٹ پر خیبر پختونخواہ میں حکومت قائم ہے اور پنجاب حکومت سے اس معاملے میں فوری اور مؤثر ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو بانی پی ٹی آئی کیساتھ ملاقات سے روکنا افسوسناک ہے،شفیع جان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کرنا آئینی اور قانونی حق ہے لیکن انہیں آج بھی ملاقات سے روک دیا گیا جو قابل مذمت ہے۔

 شفیع جان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے واضح احکامات کے باوجود وزیراعلیٰ کو ملاقات سے روکا جا رہا ہے اور عمران خان کی قید تنہائی پر انہیں گہری تشویش ہے۔

انہوں نے مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے دور میں پوری کابینہ لندن جا کر ملاقات کرتی تھی لیکن اب منتخب وزیراعلیٰ کو ملاقات سے روکا جا رہا ہے۔

شفیع جان نے مزید کہا کہ پارٹی مکمل طور پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں متحد ہے اور جیسے ہی عمران خان کے پیغام موصول ہوں گے خیبرپختونخوا سے لاکھوں لوگ احتجاج میں شریک ہوں گے۔

Scroll to Top