الیکشن کمیشن میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا، سہیل آفریدی کی نااہلی کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
درخواست این اے 18 ہری پور کے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بابر نواز نے جمع کرائی ہے جس میں وزیر اعلیٰ پر انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سہیل آفریدی کے حالیہ خطاب میں انتظامیہ، پولیس اور الیکشن کمیشن کے افسران کے خلاف اشتعال انگیز بیانات دئیے گئے جنہیں الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیم نے بھی تصدیق کی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے ان بیانات سے الیکشن عملے اور ووٹرز کی سیکیورٹی کو خطرہ لاحق ہوا ہے۔
مزید یہ کہ درخواست میں وزیر اعلیٰ پر سیکشن 167، 170 اور 175 کے تحت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
درخواست گزار نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کا جلسے میں حصہ لینا غیر قانونی اور جانبداری کا مظاہرہ ہے جس سے الیکشن کا ماحول غیر محفوظ اور غیر شفاف ہو چکا ہے۔
درخواست میں الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ سمیت تمام سرکاری عہدیداروں کو انتخابی سرگرمیوں سے روکا جائے اور شفاف انتخابی ماحول کو یقینی بنایا جائے۔
درخواست میں ہری پور کے ایک اور امیدوار ناز عمر ایوب خان کی نااہلی کی بھی استدعا شامل کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن اب ان درخواستوں پر غور کرے گا اور آئندہ دنوں میں سماعت کے بعد فیصلہ جاری کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے الیکشن کمیشن کے نوٹسز چیلنج کر دیے
واضح رہے الیکشن کمیشن میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی طلبی پر سماعت ہوئی، سہیل آفریدی کی عدم پیشی پر ان کے وکیل نے دلائل دیے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے الیکشن کمیشن کے نوٹسز چیلنج کرتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ نوٹس غیر قانونی اور آئین کی خلاف ورزی ہے اور عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اسے کالعدم قرار دیا جائے۔





