پشاور(محمد اعجاز آفریدی) کابینہ ڈویژن نے قومی اقتصادی کونسل اور اس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے لئے نئے رکن کی نامزدگی سے متعلق خیبرپختونخوا حکومت سے رابطہ کیاہے۔
کابینہ ڈویژن نے کہا ہے کہ قومی اقتصادی کونسل اور اس کی ایگزیکٹیو کمیٹی ایکنک کے لئے کابینہ ڈویژن کو نام ارسال کئے جائے، اس سلسلے میں کابینہ ڈویژن نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے نام مراسلہ ارسال کردیا۔
یہ بھی پڑھیں : دبئی ایئر شو میں بھارتی تیجس طیارہ تباہ، کمپنی کے شیئرز گر گئے
مراسلے کے مطابق آئین کے آرٹیکل 156شق1 کے تحت صدر مملکت قومی اقتصادی کونسل تشکیل دیتے ہیں جس کی سربراہی وزیراعظم کرتے ہیں، کونسل میں تمام وزرائے اعلیٰ اور ہر صوبے سے ایک اضافی رکن شامل ہوتا ہے جسے متعلقہ وزیر اعلیٰ نامزد کرتا ہے، وزیراعظم مزید چار ارکان کو وقتاً فوقتاً نامزد کر سکتے ہیں۔
مراسلے میں کہا گیاہے کہ ایگزیکٹو کمیٹی ایکنک کا قیام رولز آف بزنس 1973 کے تحت وزیراعظم کی طرف سے عمل میں لایا جاتا ہے اوریہ کمیٹی 8ارکان پر مشتمل ہوتی ہے جن میں چار وفاق سے اور چار صوبوں سے ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : فیصل آباد میں کیمیکل فیکٹری میں دھماکا، 18 افراد جان کی بازی ہار گئے
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ چونکہ حال ہی میں خیبر پختونخوا حکومت میں تبدیلی ہوئی ہے اور نئی صوبائی کابینہ کی تشکیل نو ہوئی ہے اسلئے نئے رکن کی نامزدگی ضروری ہے۔
مراسلے میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخو اسے درخواست کی گئی ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے قومی اقتصادی کونسل اورایکنک کے لئے نامزدگی جلد از جلد کابینہ ڈویڑن کو ارسال کی جائے تاکہ اگلی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔





