سکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیاں، 13 دہشتگرد ہلاک، 2 اہم کمانڈر بھی مارے گئے

خیبر پختونخوا کے اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت کے علاقے پہاڑ خیل پکہ میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جن میں دو اہم کمانڈر بھی شامل ہیں۔

سی ٹی ڈی کے مطابق لکی مروت کے پہاڑ خیل پکہ میں موصول ہونے والی قابلِ اعتماد انٹیلی جنس معلومات پر سکیورٹی فورسز اور پولیس نے صبح 7 بج کر 30 منٹ پر جوابی آپریشن کا آغاز کیا۔

اطلاعات کے مطابق سب ڈویژن بیٹنی سے 20 سے 30 دہشت گرد مختلف گروپوں کی صورت میں پہاڑ خیل کی جانب بڑھ رہے تھے۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر مؤثر گولہ باری اور فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 10 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں میں ٹیپو گل گروپ کے دو اہم کمانڈر—کمانڈر نیاز علی المعروف اکاشا اور کمانڈر عبداللہ المعروف شپونکوئی—بھی شامل ہیں۔

کلیئرنس آپریشن کے دوران سات لاشیں برآمد کی گئیں، جبکہ تین لاشیں دشوار گزار پہاڑی علاقے اور شدید فائرنگ کے سبب تاحال نہیں نکالی جا سکیں۔ کارروائی میں لکی مروت پولیس کی بکتر بند گاڑیاں بھی شریک تھیں۔

دریں اثنا ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک اور خفیہ اطلاع پر کی جانے والی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین مزید دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

آئی جی پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق کارروائی میں پانچ دہشت گرد زخمی ہوئے جبکہ ایک سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایسے آپریشنز آئندہ بھی جاری رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور خیبر پختونخوا پولیس پوری پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے سرگرم ہے۔

آئی جی نے لکی مروت پولیس کی بہادری اور ذمہ دارانہ کارکردگی کو بھی سراہا۔

 

Scroll to Top