ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز: پاکستان اور سری لنکا آج مدمقابل ہوں گے

راولپنڈی: ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز کے اہم میچ میں آج پاکستان اور سری لنکا شام چھ بجے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ایکشن میں ہوں گے۔

قومی ٹیم نے میچ کی تیاری کے لیے سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کیا، جس میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں انجام دیں۔

سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیمیں اس دوران آرام کرتی رہیں۔

ذرائع کے مطابق زمبابوے کی ٹیم نے اسلام آباد میں شاپنگ کرتے ہوئے یادگار اشیا خریدیں اور شہر کے روایتی کھانوں کا لطف بھی اٹھایا۔

کھلاڑیوں نے سیاحت، گھومنے پھرنے اور شاپنگ سے خوب محظوظ ہوتے ہوئے پاکستانی عوام کی مہمان نوازی کو سراہا۔

میچ کے حوالے سے شائقین کرکٹ کو توقع ہے کہ قومی ٹیم بہترین کارکردگی دکھا کر سیریز میں برتری حاصل کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں : پی سی بی نے پی ایس ایل کی فاتح ٹیم کے لیے انعامی رقم کا اعلان کر دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ کے 11ویں سیزن کے انعامات کا اعلان کر دیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کی آئندہ ایڈیشن میں فرنچائزز کو مالی طور پر بھرپور انعامات دیے جائیں گے۔

محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کی چیمپئن ٹیم کو 5 لاکھ ڈالر جبکہ رنرز اپ کو 3 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔

کرکٹ کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے والی بہترین فرنچائز کو 2 لاکھ ڈالر کے انعام سے نوازا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ یہ اقدامات پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

واضح ہے پاکستان سپر لیگ کے سیزن الیون میں رواں سال 6 کی بجائے 8 ٹیمیں حصہ لیں گی اور دو نئی ٹیموں کی نیلامی 6 جنوری کو متوقع ہے۔

ممکنہ شہروں میں فیصل آباد، راولپنڈی، حیدرآباد، سیالکوٹ، گلگت اور مظفرآباد شامل ہیں۔

پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے اس سلسلے میں کہا کہ لیگ عالمی معیار کی ٹی ٹوئنٹی مقابلہ کے طور پر مسلسل ترقی کر رہی ہے اور بین الاقوامی کرکٹ کی دنیا میں اپنا منفرد مقام بنا رہی ہے۔

واضح رہے پاکستان سپر لیگ نے اعلان کیا ہے کہ دو نئی فرنچائز ٹیموں کی نیلامی 6 جنوری 2026 کو ہوگی۔

 اس اقدام کا مقصد لیگ کے پھیلاؤ، شائقین کے ساتھ رابطہ بڑھانا اور پاکستان بھر میں کرکٹ کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

Scroll to Top