خیبرپختونخوامیں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،18 خوارج ہلاک

خیبرپختونخوامیں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،18 خوارج ہلاک

ملک دشمن عناصر کے خلاف کاری ضرب،کے پی میں 18 دہشتگرد واصل جہنم ،سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیاں

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جن کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 18 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں امن و امان کی بحالی اور دہشت گردی کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے کی گئیں۔

لکی مروت، دو اہم کمانڈرز سمیت 10 دہشتگرد ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق لکی مروت میں ایک بڑا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس میں دو ہائی پروفائل کمانڈرز سمیت 10 دہشتگرد مارے گئے۔ یہ دہشتگرد علاقے میں سکیورٹی فورسز، پولیس اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے اور مزید دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 خوارج ہلاک
بیان کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 3 خوارج کو ہلاک کیا۔ علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن بھی جاری رہا تاکہ دہشتگردوں کے دیگر سہولت کاروں اور نیٹ ورکس کا سراغ لگایا جا سکے۔

بنوں،سی ٹی ڈی اہلکاروں پر حملہ، جوابی کارروائی میں 5 دہشتگرد ٹھکانے لگا دیے گئے
بنوں میں دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی اہلکاروں پر اچانک حملہ کیا جس کے نتیجے میں فورسز نے فوری جوابی کارروائی کی اور 5 شرپسندوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے فورسز پر حملہ کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی اور علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کر لیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت فورسز دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ریاست ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ملک کی بقا اور سلامتی کی جنگ ہے، اور سیکیورٹی اہلکاروں کی قربانیاں قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

Scroll to Top