الحمدللہ، شیر کی جیت ن لیگ کی قیادت اور عوام کے اعتماد کی عکاسی ہے، مریم اورنگزیب

پنجاب: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے مسلم لیگ ن کی شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاالحمدللہ شیر کامیاب ہوگیا۔

مریم اورنگزیب نے سوشل میڈیا پر نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کی ویڈیو بھی شیئر کی۔

پنجاب کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن نے ہر طرف اپنی برتری برقرار رکھی، جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے چھوڑی گئی تمام نشستوں پر ن لیگ کے امیدوار سبقت لے گئے۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق:

لاہور NA-129: حافظ نعمان نے 63,441 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔

ساہیوال NA-143: محمد طفیل جٹ نے 136,223 ووٹ حاصل کرکے جیت کا اعزاز حاصل کیا۔

ڈیرہ غازی خان NA-185: محمود قادر خان نے 82,413 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، یہ نشست زرتاج گل کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔

ساہیوال PP-203: محمد حنیف 46,900 ووٹ کے ساتھ کامیاب ہوئے۔

فیصل آباد PP-115: محمد طاہر پرویز نے 49,046 ووٹ لے کر میدان مار لیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے ترقی، خوشحالی اور استحکام کے حق میں مسلم لیگ ن پر اعتماد ظاہر کیا، اور یہ کامیابیاں قائد نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کی قیادت کا نتیجہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پر امن ضمنی انتخابات، کم ٹرن آؤٹ کے پیچھے متعدد وجوہات، چیف الیکشن کمشنر

 چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ہونے والے ضمنی انتخابات پرامن ماحول میں مکمل ہوئے اور الیکشن کمیشن کو کوئی غیر معمولی شکایات موصول نہیں ہوئیں۔

انہوں نے یہ گفتگو وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کی۔

چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومتوں نے الیکشن کے انتظامی امور میں بھرپور تعاون کیا، جس کے باعث انتخابی عمل بغیر کسی بڑے واقعے کے مکمل ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں ٹرن آؤٹ عموماً کم رہتا ہے اور اس بار بھی مختلف عوامل کی وجہ سے ووٹ ڈالنے کا تناسب کم رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس الیکشن میں اسمبلی کی نمبر گیم پر کوئی اثر نہیں پڑنا تھا، جس سے عوامی دلچسپی بھی محدود رہی۔

سکندر سلطان راجہ نے مزید بتایا کہ ڈی آراوز کی جانب سے چند رپورٹس موصول ہوئی ہیں جبکہ کچھ معاملات پر الیکشن کمیشن نے خود بھی نوٹس لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے انتخابات میں کوئی نمایاں یا غیر معمولی شکایت سامنے نہیں آئی۔ طلال چوہدری کو آج کمیشن نے طلب کیا ہے اور کیس کی سماعت ہوگی۔

Scroll to Top