الیکشن کمیشن نے اسد قیصر کے دھاندلی الزامات کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے دھاندلی کے الزامات کا نوٹس لے لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے پیمرا سے اسد قیصر کے بیان کا ٹرانسکرپٹ منگوا لیا ہے اور ٹرانسکرپٹ کا جائزہ لینے کے بعد قانونی کارروائی کا فیصلہ کرے گا۔

واضح رہے کہ اسد قیصر نے ضمنی انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن پر دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ افسوسناک ہے کہ کمیشن کا عملہ سرکاری ویب سائٹ پر غلط نتائج اپ لوڈ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ایک بار پھر الیکشن کمیشن کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا اور اگر یہی معیار ہے تو بہتر تھا کہ انتخاب کے بجائے براہ راست نوٹیفکیشن جاری کیا جاتا۔

ذرائع کے مطابق بانی پاکستان تحریک انصاف کے خلاف پہلے ہی الیکشن کمیشن میں توہین چیف کمیشن کا کیس زیر التوا ہے، جس کے پیش نظر اسد قیصر کے بیان پر کارروائی کی نوعیت پر بھی توجہ دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : پختون ڈیجیٹل کوریج میں سب سے آگے: ہری پور کے 602 پولنگ اسٹیشنز میں بابر نواز خان نے میدان مار لیا

 قومی اسمبلی کے حلقہ NA-18 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے امیدوار بابر نواز خان نے واضح کامیابی حاصل کر لی ہے۔ تمام 602 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہو گئے ہیں۔

سب سے پہلے پختون ڈیجیٹل کو موصول غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق بابر نواز خان نے 163,996 ووٹ لے کر نمایاں برتری حاصل کی، جبکہ پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہرناز عمر ایوب120,220 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔ شہرناز عمر ایوب سابق قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان کی اہلیہ ہیں۔

این اے-18 کے ضمنی انتخاب میں کل 9 امیدوار حصہ لے رہے تھے، جن میں پیپلز پارٹی کی امیدوارہ ارم فاطمہ کے علاوہ چھ آزاد امیدوار بھی شامل تھے۔

این اے-18 میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 753,944 ہے، اور کل 602 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔

Scroll to Top