پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دہشتگرد اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو پائیں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور ایف سی ہیڈکوارٹرز دھماکے کے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔
اس موقع پر گورنر نے کہا کہ ایف سی کے بہادر زخمی اہلکاروں کا بلند حوصلہ و عزم قابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے صوبے کے امن پر ایک بار پھر حملہ کیا، لیکن پشاور حملے میں بھی افغان شہریوں کے نام سامنے آئے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے یقین دہانی کرائی کہ حملے میں ملوث دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : گورنر خیبر پختونخوا نے ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملے کی تفصیلات طلب کرلیں
گورنر خیبر پختونخوا کا ایف سی ہیڈکوارٹرز حملے کا نوٹس، تفصیلات طلب ،دہشتگردی کی مذمت، فورسز کی بہادری کو سلام
تفصیلات کے مطابق پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز پر خودکش حملے کی کوشش ناکام بنائے جانے کے بعد گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مکمل تفصیلات اور جامع رپورٹ طلب کرلی ہے۔
گورنر نے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم خارجی دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اپنی پولیس، ایف سی اور سیکیورٹی فورسز پر فخر کرتے ہیں، جنہوں نے ہمیشہ جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگرد امن اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر فورسز کی قربانیوں کی بدولت وہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔
پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر تین خودکش حملہ آوروں نے حملے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور بہادرانہ کارروائی نے دہشتگردوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔





