جسٹس (ریٹائرڈ) یار محمد نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان مقرر

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی مشاورت کے بعد جسٹس (ریٹائرڈ) یار محمد خان کو گلگت بلتستان کا کیئرٹیکر وزیراعلیٰ مقرر کر دیا گیا ہے۔

جسٹس (ر) یار محمد ضلع استور کے گاؤں ناصرآباد سے تعلق رکھتے ہیں اور قانون و عدلیہ کے شعبے میں دہائیوں کا تجربہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کراچی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد گلگت بلتستان میں تقریباً 15 سال تک وکالت کی اور پھر فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے سول جج کے امتحان میں کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، چیف کورٹ کے رجسٹرار اور بعد ازاں گلگت بلتستان چیف کورٹ کے جج کے طور پر خدمات انجام دیں۔

بطور جج ان کا کردار غیر متنازعہ اور پروفیشنل رہا اور انہوں نے آئینی، سول اور انتخابی نوعیت کے اہم مقدمات کی سماعت کی۔

وہ الیکشن ٹریبونل کے رکن کی حیثیت سے انتخابی تنازعات اور نامزدگیوں سے متعلق اپیلوں کا جائزہ لینے میں بھی شامل رہے۔

یہ بھی پڑھیں : دھاندلی کے الزامات لگانے سے پہلے عملی حصہ لیں، بائیکاٹ سب سے بڑی غلطی ہے، عطا تارڑ

ریٹائرمنٹ کے بعد وہ قانونی شعبے میں سرگرم ہیں اور دی لیگل اکیومن کے ساتھ بطور مینٹر نوجوان وکلاء کی رہنمائی اور آئینی و سول معاملات میں مشاورت فراہم کر رہے ہیں۔

نامزدگی کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ جسٹس (ر) یار محمد اپنے وسیع عدالتی تجربے کی بنیاد پر گلگت بلتستان میں شفاف انتخابی عمل اور انتظامی تسلسل کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

Scroll to Top