الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کوآج طلب کرلیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو ہری پور ضمنی انتخابات میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس میں آج ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے عبوری حکم نامے میں کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

وزیر اعلیٰ کی جانب سے علی بخاری پیش ہوئے اور ذاتی حیثیت میں استثنا کی درخواست دی۔

الیکشن کمیشن نے درخواست ایک دن کے لیے منظور کرتے ہوئے اگلی سماعت آج دوپہر 12 بجے مقرر کر دی۔

دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ نے بھی وزیراعلیٰ کی جانب سے الیکشن کمیشن کے نوٹس کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی ہے۔

درخواست میں وزیراعلیٰ نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن کا انہیں طلب کرنا غیرقانونی ہے اور نوٹس کو غیرقانونی قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ یہ طلبی ہری پور ضمنی انتخابات میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کے سلسلے میں کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : الیکشن کمیشن نے اسد قیصر کے دھاندلی الزامات کا نوٹس لے لیا

جبکہ دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے دھاندلی کے الزامات کا نوٹس لے لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے پیمرا سے اسد قیصر کے بیان کا ٹرانسکرپٹ منگوا لیا ہے اور ٹرانسکرپٹ کا جائزہ لینے کے بعد قانونی کارروائی کا فیصلہ کرے گا۔

واضح رہے کہ اسد قیصر نے ضمنی انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن پر دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ افسوسناک ہے کہ کمیشن کا عملہ سرکاری ویب سائٹ پر غلط نتائج اپ لوڈ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ایک بار پھر الیکشن کمیشن کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا اور اگر یہی معیار ہے تو بہتر تھا کہ انتخاب کے بجائے براہ راست نوٹیفکیشن جاری کیا جاتا۔

ذرائع کے مطابق بانی پاکستان تحریک انصاف کے خلاف پہلے ہی الیکشن کمیشن میں توہین چیف کمیشن کا کیس زیر التوا ہے، جس کے پیش نظر اسد قیصر کے بیان پر کارروائی کی نوعیت پر بھی توجہ دی جائے گی۔

Scroll to Top