عمان میں قومی دن کی مناسبت سے دو روزہ تعطیل کا اعلان، تمام سرکاری ادارے بند

مسقط: عمان کی حکومت نے اپنے شہریوں کے لیے خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے رواں ہفتے دو روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔

عمانی نیوز ایجنسی (ONA) کے مطابق قومی دن کی مناسبت سے 26 اور 27 نومبر، بدھ اور جمعرات کو تمام سرکاری اور نجی ادارے بند رہیں گے۔

معمول کا کام اتوار، 30 نومبر سے دوبارہ شروع ہوگا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ عمان اپنے قومی دن کو دو روز تک منائے گا۔ اس تبدیلی کا فیصلہ سلطان ہیثم بن طارق کے شاہی فرمان کے تحت کیا گیا ہے۔

گزشتہ برسوں میں قومی دن 18 نومبر کو منایا جاتا تھا، لیکن نئی تاریخوں کے نفاذ سے شہریوں اور مقیم افراد کو زیادہ وقت ملے گا۔

تاکہ وہ قومی تقریبات میں بھرپور انداز میں شریک ہو سکیں، ملک کی تاریخ، ثقافت اور یکجہتی کا جشن منا سکیں اور ترقیاتی کامیابیوں پر فخر محسوس کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور عمان کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان اور سلطنت عمان نے صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔

وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال سے عمان کے سفیر فہد خلف الخروصی نے حال ہی میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان صحت کے شعبے سمیت دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فارماسیوٹیکل شعبے میں تکنیکی اشتراک سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچ سکتا ہے جبکہ ہیلتھ کیئر اسٹاف اور میڈیکل فزیشنز ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

وزیر صحت نے مزید کہا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے صحت کے شعبے میں اشتراک عمل کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے پاکستان میں صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات، ویکسین کی مقامی طور پر تیاری کے حکومتی اقدامات اور صحت کے مختلف شعبوں میں مشترکہ کام کرنے پر بھی زور دیا۔

Scroll to Top