پاکستان نے غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی پر اسرائیل سے فوری انخلا کا مطالبہ کر دیا

اسلام آباد: پاکستان نے غزہ میں فوجی جنگ بندی کی پاسداری اور اسرائیلی فوج کے فوری انخلا کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر اسرائیل کا احتساب بھی ہونا چاہیے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے باوجود خلاف ورزیاں جاری ہیں، اور اس دوران اسرائیلی حملوں میں 300 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

عاصم افتخار نے کہا کہ غزہ میں گزشتہ دو سال کے دوران تقریباً 70 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، اور عالمی برادری انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنائے۔

پاکستان نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ غزہ میں امن قائم رکھنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق جوابدہ بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : غزہ کے لیے پاکستان کی امدادی کھیپ مصر پہنچ گئی

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر غزہ کے لیے بھجوائی گئی 100 ٹن امدادی سامان کی تازہ کھیپ مصر پہنچ گئی ہے۔

لاہور ائیرپورٹ سے روانہ ہونے والی یہ امدادی کھیپ خیمے، ترپال شیٹس اور دیگر ضروری اشیا پر مشتمل تھی۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق یہ غزہ کے لیے بھیجی جانے والی 25 ویں امدادی کھیپ ہے اور اب تک پاکستان نے مجموعی طور پر 2,427 ٹن امدادی سامان غزہ روانہ کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آخرکار بڑا انکشاف: پشاور زلمی کے مالک کی شناخت اور ٹیم کا مستقبل سامنے آگیا

امدادی سامان العریش انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچنے پر پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے وصول کیا اور اسے مزید تقسیم کے لیے مصری ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے حوالے کر دیا۔

این ڈی ایم اے کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان مسلسل غزہ میں انسانی ہمدردی کے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ وہاں کے متاثرین تک بروقت امداد پہنچ سکے۔

Scroll to Top