موٹروے ایم ون شدید دھند کے باعث پشاور ٹول پلازہ سے رشکئی تک بند، فضائی آلودگی میں بھی اضافہ
تفصیلات کے مطابق شدید اور گھنی دھند نے ایک بار پھر آمد و رفت کا نظام متاثر کر دیا ہے، جس کے باعث موٹروے ایم ون کو پشاور ٹول پلازہ سے رشکئی تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس نے مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور سفر سے قبل ہیلپ لائن سے معلومات حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا ممکن نہیں رہا، اسی لیے شہریوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ موٹروے پر متعدد مقامات پر حدِ نگاہ چند میٹر تک محدود ہے۔
دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں، خصوصاً پنجاب میں فضائی آلودگی بدستور تشویشناک سطح پر موجود ہے۔ عالمی ماحولیات ویب سائٹ کے مطابق لاہور میں فضائی آلودگی کی سطح کچھ دیر قبل 212 ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر رہا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید دھند، اسموگ اور بڑھتے ہوئے فضائی آلودگی کے مسائل صحت کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہے ہیں، خصوصاً بچوں، معمر افراد اور سانس کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دھند کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہریوں کو سفر کے دوران احتیاط برتنے اور ماسک کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔





