ڈیرہ اسماعیل خان کےعلاقے کوٹ سلطان میں پاک فوج اور ایس ایس جی کمانڈوز نےمشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کے دوران تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے منسلک 16 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔
سکیورٹی حکام کے مطابق یہ کارروائی اس وقت شروع کی گئی جب قابل عمل خفیہ معلومات کے ذریعے جنوبی خیبر پختونخوا میں حملوں میں ملوث ٹی ٹی پی کے شِیر علی گروپ کی موجودگی کا پتہ چلا۔گروپ نے علاقے میں مٹی کے عارضی ٹھکانے اور پناہ گاہیں قائم کر رکھی تھیں اور مبینہ طور پر مستقبل کے حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
فورسز کے آگے بڑھنے پر شدت پسندوں نے فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں شدید جھڑپ ہوئی۔فورسز جوابی کارروائی میں 16 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔ مزید دو دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے جن سے تفتیش جاری ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ڈی آئی خان، ٹانک اور لکی مروت کے علاقوں میں جاری “مرکوزہ انسداد دہشت گردی مہم” کا حصہ ہے، جہاں ٹی ٹی پی کے باقیات دیگر اضلاع میں مسلسل دباؤ کے بعد منتقل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
کارروائی کے بعد فورسز نے علاقے کو محفوظ بنا لیا اور دہشت گرد گروپ کا استعمال شدہ اسلحہ گولہ بارود اور مواصلاتی آلات برآمد کر لئے۔
یہ بھی پڑھیں : ساحر شمشاد مرزا کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے الوداعی ملاقات





