پاکستان سپر لیگ کی ٹیم ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے جاری طویل تنازع کے بعد فرنچائز کی ملکیت چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
علی ترین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے مداحوں کو اس فیصلے سے آگاہ کیا۔
علی ترین نے اپنے بیان میں کہا کہ ملتان سلطانز کے ساتھ وابستگی ان کی زندگی کے بڑے اعزازات میں سے ایک تھی۔
یہ بھی پڑھیں : ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا شیڈول جاری، پاک بھارت ٹاکرا کب ہوگا؟تفصیلات سامنے آگئیں
انہوں نے لکھا کہ ٹیم، کھلاڑیوں، اسٹاف اور جنوبی پنجاب کے عوام سے ان کا رشتہ بے حد مضبوط رہا ہے، اور یہ وہی خطہ ہے جس کی نمائندگی پر ان کے مرحوم چچا عالمگیر ترین بھی فخر محسوس کرتے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہر سیزن میں وہ اپنے کھلاڑیوں کو یاد دلاتے تھے کہ جنوبی پنجاب ایسے لوگوں کا خطہ ہے جو محنت، حوصلے اور اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کے لیے جانے جاتے ہیں۔
علی ترین کے مطابق شکست معاف ہو سکتی ہے مگر جدوجہد ترک کرنا نہیںاور یہی جذبہ ملتان سلطانز کی پہچان رہا۔
اپنے فیصلے کی وجوہات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مالی نقصان کے باوجود انہوں نے کبھی فرنچائز سے دستبرداری کا نہیں سوچا، کیونکہ ان کے لیے یہ ٹیم صرف کاروبار نہیں بلکہ ایک جذباتی وابستگی تھی۔ تاہم وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ اگر ٹیم کا حصہ رہنے کے لیے اپنے اصولوں سے سمجھوتہ کرنا پڑے تو وہ پیچھے ہٹ جانا بہتر سمجھتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ملتان سلطانز کبھی صرف اونر کی ٹیم نہیں رہی بلکہ یہ جنوبی پنجاب کے عوام کی شناخت ہے، اور نئے مالک کو بھی مداح اسی جذبے سے خوش آمدید کہیں۔
علی ترین نے یہ بھی کہا کہ وہ مستقبل میں ایک عام فین کی حیثیت سے اسٹیڈیم میں بیٹھ کر اپنی ٹیم کی حمایت کرتے نظر آئیں گے۔





