والدین اور سکول طلبہ کیلئے خوشخبری،محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کی نئی ہدایات جاری

محمد سلمان یوسفزئی 

خیبر پختونخوا کے محکمہ تعلیم نے موسم سرما میں سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو سہولت دیتے ہوئے یونیفارم کے مخصوص رنگ کے سویٹر کی پابندی ختم کر دی ہے۔

محکمے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اب سرکاری اسکولوں میں پڑھنے والے بچے سردی سے بچنے کے لیے کسی بھی رنگ کا سویٹر اور دستانے پہن سکتے ہیں۔ اس فیصلے کا مقصد کم آمدنی رکھنے والے والدین کو سہولت فراہم کرنا ہے جو اکثر نئے یونیفارم یا مخصوص رنگ کے سویٹر خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ مہنگائی کے باعث والدین کے لیے بچوں کے لیے نیا سویٹر خریدنا مشکل ہو گیا تھا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ زیادہ تر طلباء نئے سویٹر خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے اس لیے بچوں کو سردی سے محفوظ رکھنے کے لیے کسی بھی رنگ کا گرم لباس پہننے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : افغانستان کے ساتھ تجارتی راستوں کی بندش سے سب سے زیادہ نقصان پختونوں کا ہورہا ہے، میاں افتخار حسین

محکمے نے اسکول انتظامیہ کو واضح طور پر ہدایت کی ہے کہ وہ بچوں پر یونیفارم کے رنگ کا سویٹر لازمی قرار دینے سے گریز کریں اور کسی بھی بچے کو مختلف رنگ کا سویٹر پہننے پر تنگ نہ کیا جائے۔

تعلیمی حلقوں کے مطابق محکمے کا یہ فیصلہ قابل تعریف ہے کیونکہ سخت سرد موسم میں بچوں کی صحت کسی بھی یونیفارم پالیسی سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ اس فیصلے سے نہ صرف والدین پر مالی دباؤ کم ہوگا بلکہ طلباء بغیر کسی خوف یا پابندی کے اسکول آ سکیں گے۔

کئی والدین نے بھی اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو بچوں کی سہولت کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھنے چاہیے۔

واضح رہے کہ صوبے میں گزشتہ کچھ سالوں کے دوران مخصوص یونیفارم رنگ کے باعث والدین کو اضافی خرچ برداشت کرنا پڑتا تھا جبکہ اب اس پابندی کے خاتمے سے ہزاروں خاندانوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔

محکمۂ تعلیم کا کہنا ہے کہ موسم سرما کے پورے دورانیے میں یہ نرمی برقرار رہے گی۔

 

Scroll to Top