حکومت کے مضبوط اتحادی ہیں، اپوزیشن بینچوں پر جانے کا ارادہ نہیں، گورنر خیبر پختونخوا

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ وہ اور ان کی جماعت حکومت کے مضبوط اتحادی ہیں اور اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کا ابھی کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ آج صوبے کے نمایاں کھلاڑیوں اور کوچز کو ایوارڈز دیے گئے ہیں، جس کا مقصد کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی سہولت کے لیے ایک موبائل ایپ بھی تیار کی گئی ہے اور کھلاڑیوں کو سپورٹ فراہم کرنے کے لیے اسپانسرز کا انتظام کیا جائے گا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کھیلوں کے میدانوں کے قیام کے حوالے سے وہ وزیراعلیٰ سے بات کریں گے، کیونکہ پچھلے 11 سالوں میں صوبے میں صرف تین سے چار گراؤنڈز بنائے گئے ہیں، جو کافی نہیں ہیں۔

اس دوران گورنر نے صوبے اور ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کچھ نشستوں پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے تحفظات ہیں، اور ستائسویں ترمیم کے بعد اٹھائسویں ترمیم بھی آ سکتی ہے، تاہم سیاست اور سیاستدان ختم نہیں ہوں گے۔ گورنر نے پارلیمنٹ کو سپریم ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر سیاسی فیصلہ اور عمل اسی کے دائرے میں ہونا چاہیے۔

فیصل کریم کنڈی کے مطابق، حکومت کے اتحادی ہونے کے ناطے وہ ہر فورم پر حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے اور صوبے کے اہم امور، بالخصوص کھیلوں اور نوجوانوں کے فروغ کے لیے اقدامات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں :   پشاور کی عظمت رفتہ کی واپسی کیلئے 100 ارب کے ترقیاتی

Scroll to Top