Peshawar University

طلباء تنظیم کا پشاور یونیورسٹی کے مرکزی گیٹ کی بندش کے خلاف احتجاج

سلمان یوسفزئی

پشاور یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ نے یونیورسٹی کے دو مرکزی گیٹس کی بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور مین گیٹ کو لگے تالے خود توڑ ڈالے۔ 

اس موقع پر طلبہ نے کافی شاپ سے مرکزی گیٹ تک احتجاجی ریلی نکالی اور یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ احتجاجی مظاہر میں طبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مظاہرین میں شریک اسلامی جمعیت طلبہ کے رکن اور طالبعلم وقاص احمد نے پختون ڈیجیٹل کو بتایا کہ یونیورسٹی میں کل چھ گیٹس ہیں جنہیں گزشتہ سات ماہ سے بند کردیا گیا ہے۔

ان گیٹس میں ایک مرکزی گیٹ شامل ہے جو یونیورسٹی روڈ کی جانب سے آمد و رفت کے لیے استعمال ہوتا ہے جبکہ دوسرا گیٹ کافی شاپ سے گزرتے ہوئے مین جی ٹی روڈ سے لنک ہوتا ہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ گیٹس بند ہونے کی وجہ سے انہیں آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بینظیر وویمن یونیورسٹی پشاور میں اہم تعیناتی: حکومت نے اپنے ہی قانون کی دھجیاں اڑا دیں

مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ یونیورسٹی کے مرکزی گیٹس فوری طور پر کھول دیا  جائیں تاکہ طلبہ کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو۔

 دوسری جانب یونیورسٹی انتظامیہ اور مظاہرین کے درمیان تاحال کوئی مذاکرات نہیں ہو سکے جبکہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر تعینات ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔

طلبہ نے یونیورسٹی مین گیٹس کو لگے تالے خود توڑ ڈالے، یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر رش کی وجہ سے مین گیٹس ٹریفک کے لیے بند کئے تھے۔

Scroll to Top