موٹروے ایم ون صوابی سے برہان تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند

پشاور: ملک کے بالائی علاقوں میں پڑنے والی شدید دھند نے ایک بار پھر موٹروے پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر کر دی ہے۔حدِ نگاہ خطرناک حد تک کم ہونے کے باعث موٹروے ایم ون کو صوابی سے برہان تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق رشکئی سے برہان تک دھند اس قدر گہری تھی کہ حدِ نگاہ چند میٹر تک محدود ہوگئی تھی، جس کے نتیجے میں کسی بھی وقت بڑے حادثے کا خدشہ پیدا ہو سکتا تھا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مسافروں کی حفاظت کو دیکھتے ہوئے موٹروے کو بند کرنا ناگزیر ہوگیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ایم ون کے مختلف مقامات پر صورتحال نہایت خراب ہے اور ایسی صورت میں معمولی سی غلطی بھی بڑے سانحے کا باعث بن سکتی ہے۔

ان کے مطابق موٹروے پولیس ٹیمیں روڈ پر موجود ہیں اور ٹریفک کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہی ہیں۔ موسم بہتر ہوتے ہی راستے کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔

احتیاطی تدابیر:
موٹروے پولیس نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ دھند کے دوران سفر سے گریز کیا جائے، اور اگر سفر ضروری ہو تو درج ذیل اقدامات ضرور اپنائیں:

فوگ لائٹس کا لازمی استعمال کریں۔
گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھیں۔
رفتار کم رکھیں اور لین تبدیل کرنے سے گریز کریں۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم کی ہدایت پر تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس ریلیف کی تیاری

ہائی بیم لائٹس استعمال نہ کریں، کیونکہ دھند میں ان سے حدِ نگاہ مزید متاثر ہوتی ہے۔
گاڑی کے ہیزرڈ لائٹس صرف ہنگامی حالت میں جلائیں، عام سفر کے دوران نہیں۔

موٹروے پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ سفر سے پہلے ٹریفک اپڈیٹس ضرور چیک کریں اور کسی بھی معلومات کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔

Scroll to Top