اسلام آباد: ملک میں گزشتہ ہفتے کے دوران 14 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 12 کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 27 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں صارفین کے لیے قیمتوں کا حساس اشاریہ 377.99 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ ہفتے کے اختتام پر 335.54 پوائنٹس اور گزشتہ سال کے اسی ہفتے 324 پوائنٹس تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے ٹماٹر کی قیمت میں سب سے زیادہ 28.39 فیصد کمی ہوئی، پیاز 10.08 فیصد، آلو 4.58 فیصد، نمک پائوڈر 2.47 فیصد، دال چنا 1.18 فیصد، لہسن 1.12 فیصد، انڈے 0.75 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 0.70 فیصد کمی دیکھی گئی۔
اس کے برعکس کم آمدنی والے گروپ کے لیے بجلی کی قیمت میں 11.11 فیصد اضافہ، ایل پی جی 3.51 فیصد، دال مونگ 1.92 فیصد، 2.5 کلو بناسپتی گھی 1.12 فیصد، کیلا 0.65 فیصد، 5 لٹر کوکنگ آئل 0.64 فیصد، خشک دودھ 0.43 فیصد، ایک کلو بناسپتی گھی 0.38 فیصد، سگریٹ 0.25 فیصد، جلانے کی لکڑی اور چینی 0.20 فیصد اور بیف کی قیمت میں 0.01 فیصد اضافہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب میں ترقی، پختونخوا میں بحران: تنخواہیں نہیں، زمینیں بیچی جارہی ہیں، امیرحیدر خان ہوتی
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سب سے کم آمدنی والے گروپ (ماہانہ 17,732 روپے) کے لیے قیمتوں کا حساس اشاریہ 0.09 فیصد کمی کے ساتھ رہا۔
تاہم دیگر آمدنی والے گروپوں میں 0.28 سے 0.99 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پی بی ایس کے مطابق صارفین کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی و بیشی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔





