اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کے بڑھتے دباؤ کے درمیان تھوک مارکیٹ میں کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز 5 لٹر کوکنگ آئل کے ڈبے کی قیمت میں 100 روپے کا اضافہ ہوا، جبکہ 16 لٹر کے مختلف گریڈز کے کنستر بھی مہنگے ہوگئے ہیں۔
درجہ اول کے 16 لٹر کنستر کی قیمت میں 150 روپے، درجہ دوم میں 150 روپے اور درجہ سوم میں 200 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد 5 لٹر کا کوکنگ آئل ڈبا 2760 روپے سے بڑھ کر 2860 روپے ہو گیا ہے۔
نئی قیمتوں کے مطابق درجہ اول 16 لٹر کنستر کی قیمت 8420 روپے سے بڑھ کر 8570 روپے، درجہ دوم کنستر 8150 سے بڑھ کر 8300 روپے اور درجہ سوم 7800 سے بڑھ کر 8000 روپے تک جا پہنچی ہے۔
عوامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کوکنگ آئل کی مسلسل بڑھتی قیمتیں شہریوں کے روزمرہ اخراجات میں اضافہ کریں گی، اور تھوک مارکیٹ میں اضافے کے بعد جلد ہی پرچون سطح پر بھی قیمتیں بڑھنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی بی ایس نے 51 اشیاء کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی
دوسری جانب ملک میں گزشتہ ہفتے کے دوران 14 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 12 کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 27 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں صارفین کے لیے قیمتوں کا حساس اشاریہ 377.99 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ ہفتے کے اختتام پر 335.54 پوائنٹس اور گزشتہ سال کے اسی ہفتے 324 پوائنٹس تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے ٹماٹر کی قیمت میں سب سے زیادہ 28.39 فیصد کمی ہوئی، پیاز 10.08 فیصد، آلو 4.58 فیصد، نمک پائوڈر 2.47 فیصد، دال چنا 1.18 فیصد، لہسن 1.12 فیصد، انڈے 0.75 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 0.70 فیصد کمی دیکھی گئی۔
اس کے برعکس کم آمدنی والے گروپ کے لیے بجلی کی قیمت میں 11.11 فیصد اضافہ، ایل پی جی 3.51 فیصد، دال مونگ 1.92 فیصد، 2.5 کلو بناسپتی گھی 1.12 فیصد، کیلا 0.65 فیصد، 5 لٹر کوکنگ آئل 0.64 فیصد، خشک دودھ 0.43 فیصد، ایک کلو بناسپتی گھی 0.38 فیصد، سگریٹ 0.25 فیصد، جلانے کی لکڑی اور چینی 0.20 فیصد اور بیف کی قیمت میں 0.01 فیصد اضافہ ہوا۔





