ہری پور: خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں ٹمبر مافیا کے خلاف پولیس اور محکمہ جنگلات کی مشترکہ کارروائی کے دوران متعدد لوڈ گاڑیاں برآمد اور غیر قانونی سامان ضبط کر لیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق کارروائی پھڑہاڑی کے پہاڑوں میں کی گئی، جہاں ٹمبر مافیا کہو اور زیتون کے درختوں کی غیر قانونی کٹائی کر رہا تھا۔
اطلاع ملنے پر ڈویژنل فاریسٹ آفیسر (ڈی ایف او) ابرار احمد خان اور ایس ڈی ایف او عزیر خان موقع پر پہنچے اور ٹمبر سمگلروں کی سرگرمیوں کا فوری نوٹس لیا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن: مصنوعی دودھ کا نیٹ ورک بے نقاب، فیکٹری سیل
کارروائی کے دوران ٹمبر مافیا کی متعدد لوڈ گاڑیاں ضبط کی گئیں، جبکہ چین ارے، کلہاڑیاں، کٹر اور دیگر آلات بھی برآمد کیے گئے، جو غیر قانونی کٹائی میں استعمال ہو رہے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ ٹمبر سمگلروں کے خلاف پہلے بھی محکمہ جنگلات کی طرف سے کارروائیاں کی گئی تھیں، جن میں جرمانے عائد کیے گئے اور غیر قانونی سامان ضبط کیا گیا۔
پھڑہاڑی کے پہاڑوں پر لگائے گئے کہو اور زیتون کے درختوں کی کٹائی کی اطلاع مقامی افراد نے محکمہ جنگلات کو دی تھی، جس پر فوری کاروائی کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ
محکمہ جنگلات کی اس کامیاب کارروائی پر ڈی ایف او ابرار احمد خان اور ایس ڈی ایف او عزیر خان کو خراج تحسین پیش کیا گیا، اور ٹمبر مافیا کی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے مزید سخت اقدامات کے اعلان کیا گیا۔





