پرواز میں موت پر ورثا کو کتنا معاوضہ ملے گا؟ نیا بل سامنے آ گیا

اسلام آباد:قومی اسمبلی کی سب کمیٹی برائے دفاع نے Carriage By Air Act 2025 میں ترمیمی بل کی منظوری دے دی، جس کے تحت ہوائی سفر کے دوران مسافروں کی حادثاتی موت یا سامان کے نقصان کی صورت میں مخصوص معاوضے کی شفاف حد مقرر کر دی گئی ہے۔

سب کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بین الاقوامی ہوائی سفر کے دوران مسافر کی موت کی صورت میں اس کے ورثا کو 6 کروڑ روپے ادا کیے جائیں گے، جبکہ اندرون ملک پرواز کے دوران موت پر 2 کروڑ روپے کی ادائیگی ہوگی۔

اس کے علاوہ سامان کے گم ہونے یا نقصان ہونے کی صورت میں ایک بیگ کے لیے 6 لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے۔

اجلاس میں سب کمیٹی نے کینوپ کے علاقے اور اس کے قریبی علاقوں میں مقیم افراد کو درپیش مسائل پر بھی غور کیا۔

اجلاس میں ایم این اے محمد معین عامر پیرزادہ نے پی آئی اے کی فلائٹس کے متاثرہ مسافروں کو لائف انشورنس اور پراپرٹی کے معاوضے کی ادائیگی کے امور پر بھی بریفنگ دی۔

پی آئی اے حکام نے بتایا کہ مذکورہ خاتون رشنا عنصر کے متعلق تمام واجب الادا ادائیگیاں مکمل کر دی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ہری پور میں ٹمبر مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن، پہاڑی علاقوں سے گاڑیاں برآمد

وزارت دفاع کے لیگل ایڈوائزر نے واضح کیا کہ بین الاقوامی پرواز کے دوران حادثاتی موت کی صورت میں متعلقہ مسافر کے اہل خانہ کو 6 کروڑ روپے ملیں گے، جبکہ سامان کے گم یا نقصان ہونے پر ہر بیگ کے لیے 6 لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے۔

اندرون ملک پرواز میں مسافر کے حادثاتی انتقال پر 2 کروڑ روپے کی ادائیگی ہوگی اور سامان کے نقصان یا گم ہونے پر پانچ ہزار روپے فی کلوگرام کارگو کے حساب سے معاوضہ دیا جائے گا۔

آخر میں دفاع کی سب کمیٹی نے Carriage By Air Act 2025 میں ترمیمی بل کو باقاعدہ منظور کر لیا، جس کے بعد اب یہ قانون مسافروں اور ان کے ورثا کے حقوق کو مزید تحفظ فراہم کرے گا اور ہوائی سفر کے دوران حادثات سے متاثرہ افراد کو معاوضے کی شفاف حد یقینی بنائے گا۔

Scroll to Top