سفر کرنیوالے محتاط رہیں! چلاس،بابوسر،ناران روڈ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند، وجہ کیا بنی؟ جانیے

سفر کرنیوالے محتاط رہیں! چلاس،بابوسر،ناران روڈ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند، وجہ کیا بنی؟ جانیے

وادیٔ کاغان کے اہم راستے، چلاس سے ناران کو ملانے والے بابوسر روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔ یہ بندش برفباری کے باعث پیدا ہونیوالے خطرناک حالات اور پھسلن کے پیشِ نظر کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی سی دیامر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ بابوسر ٹاپ اور ملحقہ خیبر پختونخوا کے علاقے شدید برفباری کی وجہ سے بند ہیں، جس سے سڑکیں خطرناک اور پھسلن زدہ ہو گئی ہیں۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ برف ہٹانے کے لیے ابھی تک کوئی اقدامات نہیں کیے گئے اور دیامر و خیبر پختونخوا کی حدود سے سیکیورٹی اہلکار واپس بلا لیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر بابوسر روڈ تاحکم ثانی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

حکام نے مسافروں سے تاکید کی ہے کہ وہ متبادل راستے استعمال کریں اور کسی بھی صورت میں بند روڈ پر سفر نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی موسم کی صورتحال بہتر ہوگی اور برف ہٹانے کے اقدامات مکمل ہوں گے، روڈ کھول دیا جائے گا۔

اس بندش کا اثر سیاحتی مقامات اور وادیٔ کاغان کے رہائشیوں پر بھی پڑے گا، کیونکہ یہی راستہ ناران، بابوسر اور چلاس کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں اور برفانی راستوں پر محتاط رہیں۔

یہ بھی پڑھیں : مینا خان آفریدی کی سربراہی میں خیبرپختونخوا کا نیا لوکل گورنمنٹ کمیشن تشکیل

Scroll to Top