ملک کے بالائی علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ون کو پشاور سے رشکئی تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
موٹروے حکام کے مطابق حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے پر ڈرائیونگ نہ صرف مشکل بلکہ مسافروں کی زندگی کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے، جس کے پیش نظر یہ اقدام کیا گیا۔
ترجمان موٹروے کا کہنا ہے کہ دھند کے باعث گاڑیاں سامنے آنے والی رکاوٹوں کو دیکھنے سے قاصر رہتی ہیں، جس سے بڑے حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ لہٰذا ٹریفک کی محفوظ روانی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے راستہ بند کیا گیا ہے۔
حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ شدید دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جبکہ ناگزیر صورت میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں، رفتار کم رکھیں اور گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔





