سری لنکا میں سائیکلون ڈِٹواہ نے تباہی مچادی، اموات 123 تک جا پہنچیں

سری لنکا میں سائیکلون ڈِٹواہ کی تباہ کاریاں بڑھتی جا رہی ہیں، اور ڈیزاسٹر مینیجمنٹ سینٹر کے مطابق ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 123 تک جا پہنچی ہے جبکہ 130 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

سری لنکا کی تاریخ کے بدترین موسمی بحرانوں میں سے ایک اس طوفان نے سب سے زیادہ جانی نقصان کینڈی ڈسٹرکٹ میں پہنچایا جہاں 51 ہلاکتیں اور 67 افراد لاپتہ ہیں۔

بدولا میں 35 ہلاکتوں اور 27 لاپتہ افراد کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ کیگالے، ماتلے، نوارا ایلیا اور امپارا میں بھی بڑی تعداد میں اموات رپورٹ ہوئیں۔

ڈی ایم سی کے مطابق سیلاب، لینڈ سلائیڈز اور تیز ہواؤں نے مجموعی طور پر 1,02,877 خاندانوں کے 3,73,428 افراد کو متاثر کیا ہے۔

مہا اویا وادی کے نچلے علاقوں میں رہنے والے افراد کو انتہائی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے کیونکہ وہاں خطرناک حد تک بلند سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

انورادھاپورا پٹلام روڈ پر کالا اویا پل کے قریب ایک بس سیلابی ریلے میں بہہ گئی تھی جس میں سوار 40 افراد، جن میں ایک غیر ملکی خاتون بھی شامل تھیں کو محفوظ مقام پر منتقل کر لیا گیا۔

حکام کے مطابق بلند پانی کی سطح کے باعث رات کے وقت ریسکیو آپریشن ممکن نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں: تیاری کرلیں! آج سے بارشوں اور طوفان کی پیشگوئی، کب تک جاری رہیں گی؟جانئے

سری لنکا کی معاونت کے لیے بھارت نے آپریشن ساگر بندھو کے تحت 27 ٹن امدادی سامان بھیج دیا ہے۔

Scroll to Top