بھارت میں پاکستانی ڈراموں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے ایک بار پھر سرخیوں میں جگہ بنا لی ہے۔
بھارتی صارفین کے لیے عالمی سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے کچھ پاکستانی ڈرامے غیر اعلانیہ طور پر بلاک کرنا شروع کر دیے ہیں جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ پاکستانی مواد کی بڑھتی ہوئی مقبولیت بھارت میں تشویش کا باعث بن رہی ہے۔
پاکستانی اداکار اور گلوکار فرحان سعید کا کہنا ہے کہ بھارت واقعی پاکستانی کانٹینٹ کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ سے خوفزدہ ہے، اسی لیے وہاں کے ناظرین کے لیے اس مواد کو محدود کیا جا رہا ہے۔
فرحان سعید نے مزید کہا کہ عالمی پلیٹ فارمز پر پاکستانی ڈراموں اور سیریز کو فروغ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ نئی نسل کے ناظرین انہیں بڑے شوق سے دیکھتے ہیں اور سرحد کے اُس پار بھی لوگ پاکستانی ڈراموں کو تلاش کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی ناظرین پاکستانی ڈراموں کے کمال کو ہمیشہ سراہتے آئے ہیں، نہ صرف عام لوگ بلکہ وہاں کے معروف اداکار، پروڈیوسرز اور دیگر انڈسٹری کے افراد بھی کئی بار پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی تعریف کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مودی سرکار کا جھوٹ بے نقاب کرنے پر پختون ڈیجیٹل کا یوٹیوب اکاونٹ بھارت میں بلاک
کچھ بھارتی فنکاروں نے تو یہاں تک کہا کہ اپنے پروڈکشن ہاؤسز کو بھی پاکستانی طرز کی کہانیوں پر کام کرنا چاہیے کیونکہ یہ کہانیاں نہ صرف دلچسپ ہیں بلکہ ناظرین کے دل جیتنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہیں۔





