58 سالہ عوامی جدوجہد، پاکستان پیپلز پارٹی آج یومِ تاسیس منارہی ہے

58 سالہ عوامی جدوجہد، پاکستان پیپلز پارٹی آج یومِ تاسیس منارہی ہے

روٹی، کپڑا، مکان سے متفقہ آئین تک، پیپلز پارٹی آج 58ویں یومِ تاسیس کے موقع پر تاریخی کارناموں کا جشن منا رہی ہے

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی آج اپنا 58واں یومِ تاسیس منارہی ہے۔ یومِ تاسیس کی مناسبت سے ملک بھر کے مختلف اضلاع میں ضلعی سطح پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے جبکہ کراچی کے علاقے کورنگی میں مرکزی جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں پارٹی کے پرچم لگا دیے گئے ہیں اور بلاول بھٹو سمیت پارٹی کے دیگر مرکزی و صوبائی رہنما جلسے سے خطاب کریں گے۔

پیپلز پارٹی 30 نومبر 1967ء کو لاہور میں قائم کی گئی تھی، جب ذوالفقار علی بھٹو پارٹی کے پہلے چیئرمین منتخب ہوئے۔ پارٹی نے عوام میں مقبولیت حاصل کرنے کے لیے’’روٹی، کپڑا اور مکان‘‘ کا نعرہ اپنایا اور 1970ء کے عام انتخابات میں مغربی پاکستان میں شاندار کامیابی حاصل کی۔

پارٹی کے 58 سالہ سیاسی سفر میں کئی نشیب و فراز آئے۔ جنرل ضیاء الحق اور جنرل پرویز مشرف کے ادوار میں پارٹی کو شدید مشکلات کا سامنا رہا، مگر اس نے ہر دور کے چیلنجز کا مقابلہ کیا۔ متفقہ آئین کی منظوری، جوہری پروگرام کی بنیاد رکھنا، اور صوبائی خودمختاری جیسے اہم کارنامے بھی پیپلز پارٹی کے کھاتے میں شامل ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے یومِ تاسیس کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پارٹی نے اپنی تاریخ میں ہمیشہ جمہوری نظام کی حفاظت اور عوامی حقوق کی بحالی کے لیے جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے آمریت کے دور میں بھی جمہوریت کی مزاحمت کی اور سیاسی اتحاد کو فروغ دینے کے لیے ہمیشہ کام کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں پاکستان نے 1973ء میں متفقہ آئین حاصل کیا، جو آج بھی ہماری جمہوریت کی رہنمائی کر رہا ہے۔

صوبائی وزیر اور پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے قیام کے بعد عام آدمی کو سیاست میں آنے کا موقع ملا، جبکہ اس سے پہلے سیاست پر جاگیردار اور سرمایہ داروں کا قبضہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ یومِ تاسیس بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔

میئر کراچی اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بھی کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا عوام سے رشتہ ہمیشہ مضبوط رہا ہے اور یہ آئندہ بھی قائم رہے گا۔

پیپلز پارٹی آج کے یومِ تاسیس کے موقع پر نہ صرف اپنی تاریخی جدوجہد کو یاد کر رہی ہے بلکہ ملک کی جمہوریت، عوامی حقوق اور سیاسی استحکام کے لیے اپنے عزم کا بھی اعادہ کر رہی ہے۔

Scroll to Top