خیبر پختونخوا اسمبلی ملازمین کی ڈگریوں کی جانچ پڑتال شروع

پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی سے پشاور یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی اہم ملاقات ہوئی، جس میں اسمبلی ملازمین کی ڈگریوں اور اسناد کی جانچ پڑتال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے واضح کیا کہ جعلی ڈگریوں کی نشاندہی اور شفاف بھرتیوں کو یقینی بنانا ان کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اسمبلی ملازمین کی تعلیمی اسناد کو فوری اور شفاف طریقے سے تصدیق کے عمل سے گزارا جائے تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا اسمبلی میں جعلی اسناد پر بھرتیوں کا انکشاف ، چھان بین شروع

اسمبلی سیکریٹریٹ میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے بابر سلیم سواتی نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کو دیگر اداروں کے لیے ایک مثالی ادارہ بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جعلی ڈگریوں کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی اور اسمبلی سیکریٹریٹ میں بھرتیوں کا تمام عمل شفافیت کے اصولوں پر مبنی ہوگا۔

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے اسمبلی ملازمین کی تعلیمی اسناد متعلقہ حکام کے سپرد کر دی ہیں اور ہدایت کی ہے کہ اسناد کی تصدیق کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ حق دار افراد کو ان کا جائز حق دیا جا سکے۔

Scroll to Top